امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور ضلعی ریٹرننگ افسران (ڈی ار اوز) کا الیکشن تھا۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی ، الیکشن کمیشن تماشہ بنا ہوا ہے، جو خدشات ظاہر کئے جارہے تھے وہ ٹھیک ثابت ہوئے، بچے ہم سے پوچھ رہے ہیں ہمیں جمہوری نظام سے کیا مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی لیڈ کررہی تھی، کراچی میں صرف جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں کو ووٹ ملا، لیکن راتوں رات نتائج بدل دیے گئے، عوام نے ایم کیو ایم کو مسترد کردیا پھر بھی ان کو جتوایا جارہا ہے، خواجہ اظہار کے1لاکھ ووٹ کردیے گئے،ایم کیو ایم کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن آراوز اور ڈی ار اوز کا بن گیا، دو بجے تک فارم دینے کا کہا گیا لیکن کارکنان کو فارم نہیں دیئےگئے، فارم پینتالیس اور چھیالیس ملنے کےبعد بھی نمبرز بدل دیئےگئے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہم احتجاج اور دھرنے دیں گے جو چاہے وہ ہمارے ساتھ آجائے، بار بار مینڈیٹ پر قبضہ کیا جاتا ہے،ہمارے راستے میں رکاوٹ نا ڈالی جائے، الیکشن کیخلاف احتجاج کو پورے پاکستان میں پھیلانا پڑا توپھیلادیں گے، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے،دھرنے دیں گے تو معلوم ہوجائے گا کہ الیکشن کمیشن کے پیچھے کون ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں