فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہےکہ اگر اسرائیل جنگ روکتا ہے تو اس سے مکمل معاہدے کے لیے تیار ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اس نے ثالث کاروں کو آگاہ کردیا ہےکہ اگر اسرائیل نے جارحیت جاری رکھی تو وہ مزید مذاکرات کا حصہ نہیں رہیں گے۔
Online Earning in Pakistan
تاہم حماس نے اس بات کو بھی واضح کردیا ہےکہ اگر اسرائیل جنگ کو روکتا ہے تو وہ یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے سمیت ایک مکمل معاہدے کے لیے تیار ہیں۔
حماس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حماس اور فلسطین کے دیگر گروپ مسلسل جارحیت، لوگوں کے قتل عام اور قحط کی صورتحال میں مذاکرات کی پالیسی کو بالکل قبول نہیں کریں گے، اس لیے ہم نے آج ثالث کاروں کو اپنی پوزیشن واضح کردی ہےکہ اسرائیل اپنا قبضہ، جنگ اور غزہ کے لوگوں کے خلاف جارحیت روکتا ہے تو ہم ایک مکمل معاہدے کے لیے تیار ہیں جو ایک جامع معاہدہ ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر اور قطر سمیت دیگر ثالث کار غزہ میں پائیدار جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم اس میں اب تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔
عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ حماس کی جانب سے یہ تازہ بیان عالمی عدالت کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا جس میں عدالت نے اسرائیل کو حملے روکنے کا حکم دیا تاہم اس کے باوجود اسرائیل نے رفح میں حملے مزید تیز کردیے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیل حماس کی پیشکشوں کو مسترد کرچکا ہے اور اس سے عزم کا اظہار کیا ہےکہ وہ رفح میں حماس کے جنگجوؤں کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی تک فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 36 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔
#NewsLive #NewsUpdate #newsupdateurdu #newstoday #newspakistan #newsurdu #newsabout
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں